ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کمار سوامی نے کھیتوں میں اتر کر کسانوں کا حوصلہ بڑھایا، منڈیا میں دھان بویائی کی کارروائیوں کا وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں آغاز

کمار سوامی نے کھیتوں میں اتر کر کسانوں کا حوصلہ بڑھایا، منڈیا میں دھان بویائی کی کارروائیوں کا وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں آغاز

Sat, 11 Aug 2018 21:52:38    S.O. News Service

بنگلورو،11؍اگست(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے آج منڈیا ضلع کے سیتا پور میں روایتی کسان کی طرح کھیتوں میں اتر کر دھان کی فصل بونے کا آغاز کیا۔

وزیر اعلیٰ نے اپنے دھوتی اوپر باندھ کر کھیتوں میں قدم رکھا اور کسانوں کے ساتھ مل کر دھان کے پودے لگائے۔ گزشتہ چار سال سے خشک سالی کے سبب منڈیا میں دھان کی کاشتکاری مناسب طریقے سے نہیں ہوپائی ، اس بار یہاں کے کسانوں نے کافی جوش وخروش سے کاشتکاری کی شروعات کی۔ دھان کے ساتھ اس ضلع میں گنے کی کاشتکاری بھی کافی مقدار میں کی جاتی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے منڈیا کے کسانوں کی خوشیوں میں شامل ہوتے ہوئے آج ان کے ساتھ کھیتوں میں کچھ دیر کام کیا۔ ملک کی تاریخ میں غالباً یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی وزیر اعلیٰ کسانوں کے دوش بدوش کھیتوں میں اترا ہو۔ منڈیا ضلع کے پانڈو پور کے سیتاپور گاؤں میں وزیر اعلیٰ نے کاشتکاری میں حصہ لیا ۔ تقریباً دو گھنٹوں تک وزیر اعلیٰ یہاں کے کھیتوں میں کسانوں کے ساتھ رہے۔ وزیر اعلیٰ کے ہمراہ ضلع انچارج وزیر سی ایس پٹ راجو نے بھی کسانوں کے ساتھ فصل بویائی کے کاموں میں حصہ لیا۔ یہاں کے کسانوں نے وزیر اعلیٰ کا کافی جوش وخروش کے ساتھ استقبال کیا۔

اس موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ انہوں نے کسانوں کے ہمراہ کھیتوں میں اتر کر کام سستی شہرت کے لئے کیا ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے اپوزیشن لیڈر یڈیورپا کی نکتہ چینی کے جواب میں کہاکہ بی جے پی کے پاس اب سب پر انگلی اٹھانے کے علاوہ کوئی کام نہیں رہ گیا ہے۔ دراصل وہ منڈیا ضلع اور بالعموم ریاست بھر کے کسانوں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے کھیتوں میں اترے ۔ وہ سستی شہرت کے لئے پانڈو پورہ نہیں گئے۔

کمار سوامی نے کہاکہ بی جے پی ہر چیز کو سیاسی آئینے سے دیکھنا چھوڑدے ۔ کسانوں کے تئیں اگر اسے ذرا بھی فکر ہے تو فوری طور پر قومی بینکوں سے ان کے قرضے معاف کرانے وزیراعظم پر زور دے۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے کئی برسوں سے نامناسب بارش کی وجہ سے ریاست کے بیشتر علاقوں میں کسان پریشان تھے۔ پہلی بار بعض علاقوں میں اطمینان بخش بارش ہوئی ہے، اس کی وجہ سے کسان بہت خوش ہیں۔ بحیثیت وزیراعلیٰ ان کی خوشیوں میں شریک ہونا اپنی ذمہ داری سمجھ کر وہ یہاں آئے ہیں۔ کمار سوامی نے کہاکہ زراعت ان کے لئے نئی نہیں ہے۔ اس سے پہلے بھی وہ سیاسی میدان میں اتر نے قبل کھیتوں میں اتر چکے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ کھیتوں میں کام کرنے کی مشقت کیا ہوتی ہے، سیاسی میدان میں آنے کے بعد وہ آرام طلب ہوگئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ریاستی حکومت کسانوں کو درپیش مشکلات کو دور کرنے کی دیانتدارانہ کوشش کررہی ہے۔ اسی کوشش کے ایک حصے کے طور پر وہ کسانوں کے ساتھ کام کرنے کے لئے میدان میں اترے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کا یہ منشاء ہے کہ ریاست کا کوئی کسان قرض کی وجہ سے خود کشی پر مجبور نہ ہو ایسی صورتحال پیدا کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ کسانوں کے اعتماد کو بلند کرنے کے مقصد سے آنے والے دنوں میں وہ ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی کسانوں کے ساتھ دوش بدوش کھیتوں میں کام کریں گے۔ ماہانہ ایک ضلع میں وہ کسانوں کے ساتھ کھیتوں میں موجود رہیں گے اور وہاں ان کے مسائل جان کر انہیں سلجھانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ قومی بینکوں سے قرضوں کی معافی کے متعلق کمار سوامی نے کہا کہ ایک ہفتے کے اندر اس سلسلے میں باضابطہ حکمنامہ جاری کیا جائے گا۔ انہو ں نے کہاکہ آنے والے دنوں میں وہ ایک مرتب ہر ضلع کے کسانوں کے ساتھ مذاکرہ کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ کوآپریٹیو بینکوں سے کسانوں نے جو 9500کروڑ روپیوں کے قرضے حاصل کئے تھے انہیں معاف کرنے کا فیصلہ کابینہ میں لے لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں چونکہ بلدی انتخابات کی وجہ سے انتخابی ضابطہ لاگو ہے کسانوں کے حق میں وہ بڑے اعلانات نہیں کرسکتے۔ لیکن اگلے ماہ وہ کسانوں کی فلاح کے لئے چند بڑے قدم اٹھارہے ہیں تاکہ ریاست میں کاشتکاری کو ایک منافع بخش ذریعۂ معاش بنا سکیں۔ 


Share: